Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بڑھتی مہنگائی پر تحریک انصاف کا ردعمل

 پاکستان تحریک انصاف کا بڑھتی مہنگائی پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس میں سزا کی معطلی کی درخواست پر فیصلے کے اجراء میں تاخیر پر نہایت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کورکمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وہ کون ہے جو بغیر کسی قانونی جواز کے چاہتا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو پابندِ سلاسل رکھا جائے، قوم گواہ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں قید رکھنے کا ریاست کے پاس کل کوئی قانونی جواز تھا نہ آج ہے، توشہ خانہ کیس میں بدترین ٹرائل کے نتیجے میں سامنے آنے والے سیاہ عدالتی فیصلے میں پوشیدہ انتقام اور نقائص پوری طرح آشکار ہوچکے ہیں۔

  اجلاس میں کورکمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے معاملے کو التواء کا شکار کرکے بدترین حالات میں قید چیئرمین تحریک انصاف کو مجرمانہ انتقام کا نشانہ بنانے کی کوششیں بھی قوم پر عیاں ہیں، عدالتِ عالیہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو عدالتی وقت ضائع کرنے اور غیرقانونی طور پر قید چیئرمین تحریک انصاف کو بنیادی آئینی حقوق سے محروم کرنے کی پیہم اجازت دیا جانا بھی نہایت افسوسناک ہے۔

 کورکمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انصاف میں تاخیر انصاف کے قتل کے مترادف ہے، قوم آئین و قانون سے جاری کھلواڑ کی فوری بندش کا مطالبہ کرتی ہے، امید ہے کہ معاملے کو مزید کسی شرارت و التواء کا شکار کئے بغیر چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کی معطلی اور رہائی کے احکامات جاری کئے جائیں گے۔

  اجلاس میں کورکمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے ریمانڈ میں مزید 2 روز کی توسیع اور صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کے آئینی و قانونی حقوق کو مسلسل سلب کئے جانے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں، سینیٹر عون عباس بپّی، حسان نیازی ایڈووکیٹ سمیت غیرقانونی طور پر اغوا و لاپتہ کردیے جانے والے تمام شہریوں کی فوری بازیابی و رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔

کورکمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف چیئرمین سمیت تمام قائدین و کارکنان کی فوری رہائی کیلئے تمام جائز سیاسی و قانونی تدابیر کا سلسلہ جاری رکھے گی، آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی و فروغ، عوام کے معاشی و سیاسی حقوق کے تحفظ اور پاکستان کی حقیقی آزادی، خودداری اور خودمختاری کی تحریک سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اجلاس میں ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی خصوصاً بجلی کے ناقابلِ ادائیگی نرخوں کیخلاف ملک گیر احتجاج میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا اور ملک میں تیزی سے پھیلتی غربت و افلاس اور عوام کی قوّت خرید کی تباہی نون لیگ، پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام سمیت دیگر پر مشتمل پی ڈی ایم سرکار کی مجرمانہ حکومت کا کارنامہ قرار دیا گیا۔

کور کمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی منتخب جمہوری حکومت کیخلاف سازش کی گئی تو عوام آج کے مقابلے میں قابلِ ذکر حد تک آسودہ جبکہ معیشت 6 فیصد کی سالانہ نمو سے ترقی کررہی تھی، رجیم چینج سازش کے نتیجے میں مسلط ہونے والے مجرم ملک میں بدترین مہنگائی اور معاشی تباہی کا وسیلہ بنے۔

    اجلاس میں کورکمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے 16 ماہ کے دوران مسلسل اس تباہی و بربادی کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا، چیئرمین پی ٹی آئی مسلسل نشاندہی کرتے آئے کہ معیشت سنبھالنا یا عوام کو مہنگائی کے طوفان سے بچانا ان مجرموں کا ایجنڈا تھا۔

کور کمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عوام کے معاشی قتلِ عام کیخلاف پیہم گونجتی آواز کو دبانے کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک جھوٹے مقدمے اور جعلی ٹرائل کے ذریعے جیل میں بند کردیا گیا۔

    اجلاس میں کورکمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بدترین مہنگائی اور بجلی کے ناقابلِ برداشت بِلّوں کیخلاف بلکتی عوام کی آواز بنیں گے، بجلی کے بِلّوں کے ذریعے عوام کی جیبوں پر دن دیہاڑے ڈالے جانے والے ڈاکے کیخلاف عوام کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے، نگران حکومت نمائشی کارروائیوں پر قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے کی بجائے فوری طور پر اقتدار عوام کی جائز اور منتخب حکومت کے سپرد کرنے کی تیاری کرے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں