صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کی مالی شمولیت کو بڑھانے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں خواتین اور خصوصی افراد کی مالیاتی شمولیت کے اقدامات پر پیشرفت کے ساتھ ساتھ روزگار اور مالیاتی مواقع کو یقینی بنانے کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی بامعنی شرکت کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھنا حوصلہ افزا ہے کہ خواتین کھاتہ داروں اور بینکنگ سیکٹر کی ملازمتوں میں ان کے حصہ میں پچھلے سالوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ صنفی مساوات کو فروغ دینے اور بینکنگ سیکٹر اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں خواتین اور معذور افراد کی شمولیت کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بینکنگ سیکٹر میں خصوصی افراد کے لیے ملازمتیں تیار کی جا سکتی ہیں اور بینک اکائونٹس کھولنے کے عمل کو مزید آسان بنایا جانا چاہیے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا بھر میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی تیز رفتار ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بینکنگ انڈسٹری کو جدید ترین آئی ٹی ٹولز کو بروئے کار لاتے ہوئے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق چلنا ہوگا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ وہ اپنے صارفین کو پیش کی جانے والی مختلف سہولیات اور مالیاتی مصنوعات کے بارے میں بیداری پیدا کریں اور ساتھ ہی ان کے بینکنگ مسائل کو تیزی سے حل کریں۔
اجلاس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر حکام اور مختلف کمرشل بینکوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے شرکت کی۔



















