Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کا تحریری فیصلہ جاری

چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

 چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بنچ نے فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا معطل کی جاتی ہے، ٹرائل کورٹ نے الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی کمپلینٹ پر سزا کا فیصلہ سنایا۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ ضروری نہیں کہ ہر کیس میں سزا معطل ہو جبکہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ ضمانت دینا یا انکار کرنا ہائیکورٹ کی صوابدید ہے اور اس کیس میں دی گئی سزا کم دورانیے کی ہے۔

 تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت سمجھتی ہے کہ درخواست گزار سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کا حقدار ہے، سزا معطلی کی درخواست منظور کر کے پانچ اگست کو ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے ، درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے داخل کرانے پر ضمانت پر رہا کیا جائے۔

 توشہ خانہ کیس؛ اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیئرمین پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا اور کہا کہ تحریری حکم نامہ کچھ دیر بعد جاری ہوگا۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا معطلی کی درخواست پر چیئرمین پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اس سے قبل توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلے سے قبل اہم پیش رفت سامنے آئی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کسی بھی کیس میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست دائر کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے، نیب اور پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست پر سماعت بھی آج ہی کرنے کی استدعا کی گئی۔

یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے پانچ اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے سزا سنائی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد 25 روز سے اٹک جیل میں قید ہیں تاہم الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف پرائیویٹ کمپلینٹ دائر کی تھی۔

متعلقہ خبریں