پاکستان تحریک انصاف لاہور کے عہدیداران نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی لاہور کے کوآرڈینیٹرز نے صدر استحکام پاکستان پارٹی لاہور ڈاکٹر مراد راس کے ساتھ ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی لاہور کے کوآرڈینیٹرز شعیب کریم، قاسم عزیز خان، خواجہ سہیل مقبول، سید رضوان شاہ نے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
پی ٹی آئی چھوڑ کر آنے والے رہنماؤں نے عبدالعلیم خان اور جہانگیر خان ترین کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جبکہ ڈاکٹر مراد راس نے شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
شعیب کریم نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ملک کی تعمیر، ترقی اور استحکام کے وژن پر گامزن ہے جبکہ خواجہ سہیل مقبول نے کہا کہ اپنے اداروں اور قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
قاسم عزیز خان نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ تاریخی سانحہ ہے جبکہ سید رضوان شاہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کی شدید مزمت کرتے ہیں۔
ڈاکٹر مراد راس نےکہا کہ پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ مزید خوشخبریاں ملیں گی، استحکام پاکستان پارٹی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔



















