آل کراچی ملک ریٹیلرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے پیر سے کراچی میں کھلے دودھ کی فروخت بند کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آل کراچی ملک ریٹیلرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمت بڑھانے کے لیے پریس کلب پر احتجاج کیا، رہنماؤں نے انتظامیہ کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ دودھ کی قیمت کے حوالے سے فیصلہ کریں۔
ملک ریٹیلرز کے صدر حافظ محمد نثار نے کہا کہ انتظامیہ کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے رہے ہیں، ڈیری فارمرز سے مہنگا دودھ خرید کر سستا نہیں بیچ سکتے۔
حافظ نثار نے کہا کہ اس وقت دکانداروں کو فی لیٹر دودھ 214 سے 218 روپے میں مل رہا ہے اور اس قیمت پر دودھ لے کر فروخت نہیں کرسکتے، دکانداروں کو فی لیٹر دودھ پر 20 روپے مارجن ملنا چاہیے۔
ملک ریٹیلرز کے صدر حافظ محمد نثار نے مزید کہا کہ ہمارے ساتھ 12 سے 15 ہزار دکاندار موجود ہیں، مہنگائی اور قوت خرید کم ہونے سے دودھ کی فروخت کم ہوتی ہے، یہ صورتحال برقرار رہی تو 12 سے 15 ہزار دکاندار دودھ کی خریداری بند کردیں گے۔
خیال رہے کہ شہری انتظامیہ کی جانب سے دودھ کی قیمت 180 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ریٹیلرز من مانے داموں پر دودھ فروخت کر رہے ہیں۔



















