نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ اور پہچان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئٹہ کی بہتری کے اقدامات کے آغاز کا خیر مقدم کیا ہے۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ اور پہچان ہے، کمشنر کوئٹہ اور انکی انتظامی ٹیم کی جانب سے شہر سے تجاویزات کے خاتمے اور صفائی مہم کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ کوئٹہ کے روایتی حسن کو بحال کرنے کے لیۓ تمام متعلقہ ادارے مربوط لائحہ عمل مرتب کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں صفائی کی صورتحال کی بہتری کے لیۓ جنگی بنیادوں پر قدامات کی ضرورت ہے، شہر میں پانی کی کمی ایک سنگین مسلئہ ہے جسکا حل صوبائی حکومت کی ترجیح رہے گی۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے ہدایت کی کہ کمشنر کوئٹہ پرائس کنٹرول کمیٹی فعال کرکے قیمتواں میں استحکام لائیں، کوئٹہ پیکج کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا اور کوئٹہ پیکج میں شامل سڑکوں کے منصوبے مکمل ہونے سے شہر کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کوئٹہ کے لئے سو گرین بسیں دینے کا اعلان کیا، شہر کے دیگر روٹس پر بھی گرین بس سروس کا آغاز کر کے شہریوں کو سفر کی جدید سہولت فراہم کی جائےگی۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کوئٹہ شہر کے مسائل کے حل کے لئے کمشنر اور انکی انتظامی ٹیم کی بھرپور سرپرستی کریگی۔



















