گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اٹالین کمپنی کی جہاز سازی کے پروجیکٹس کے لئے ویلڈرز بھرتی کرنے کی پیش کش کا خیر مقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی فن کانٹیری گروپ کے صدر جین کلاڈیا گرایانو کی سربراہی میں گورنر ہاؤس آنے والے وفد سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں پاک۔اٹلی تعلقات اور ان میں اضافے کے اقدامات جبکہ صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاک۔اٹلی تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں، صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول دستیاب ہے،
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ اٹلی کے سرمایہ کار خصوصاً ملک کے معاشی حب کراچی میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں،انہیں اس ضمن میں ہرممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
اٹالین کمپنی کے صدر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ گروپ کو اپنے جہاز سازی کے پروجیکٹس کے لئے ویلڈرز کی ضرورت ہے،اس ضمن میں صوبہ سندھ سے ویلڈرز کو خوش آمدید کہا جائے گا جس پر گورنر سندھ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کے لئے صوبہ سے ویلڈرز کو بھیجا جائے گا۔



















