نگران صوبائی وزیر اطلاعات فیروز جمال شاہ نے کہا ہے کہ سیکورٹی صورتحال میں بہتری نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے نتھیاگلی میں صوبے بھر سے آئے خصوصی بچوں کے سمر کیمپ میں شرکت کی۔
سمر کیمپ میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ خصوصی بچوں کے درمیان انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں،سمر کیمپ کا مقصد ہے کہ خصوصی بچے آپس میں ملیں اور ایک دوسرے کے جذبات سے آگاہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے صوبے میں پہلی دفعہ سمر کیمپ کا انعقاد کیا گیا، آئندہ خیبرپختونخوا کے ٹورازم کلینڈر میں یہ مستقل ایونٹ ہوگا جبکہ سال میں خصوصی بچوں کے لیے ایسے چار پروگرام منعقد کریں گے
فیروز جمال شاہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے شمار قدرتی مقامات ہیں، اس خوبصورتی کو دیکھنے کے لیے دل کی آنکھ چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ لوگ یہاں آئیں، خیبرپختونخوا کے لوگ مہمان نواز ہیں، ہمارے ادارے اور لوگ انفرادی طور مہمانوں کی قدر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت ذمہ داری کے ساتھ ہونی چاہیے، اپنے سیاحتی مقامات کی صفائی کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے، ہم سہولیات دیں گے سیاح یہاں کی ثقافت اور مقامات کا خیال رکھیں۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ خصوصی بچے ہمارے انتہائی اہمیت کے حامل مہمان ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ان بچوں کا خیال رکھیں، یہ ہماری ذمہ داری ہیں۔
فیروز جمال شاہ کا کہنا تھا کہ میڈیا کا شعبہ اور صحافی برادری معاشرے کا اہم جزو ہیں، جلد محکمہ اطلاعات اور محکمہ سیاحت میں بہت بہتری نظر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر سے سیاحوں کو راغب کر رہے ہیں، سیکورٹی صورتحال میں بہتری نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے ، صوبے کو دہشتگردی کے عفریت سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد میں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے، نگران حکومت الیکشن کمیشن کے تابع ہے، جو ہدایات ملیں گی عملدرآمد کریں گے۔



















