ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملکی معاشی مسائل کو صرف کراچی حل کرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال اور ڈپٹی کنوینر انیس قائمخانی کی نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں کراچی کے بجلی کے مسئلے سمیت متعدد مسائل پر گفتگو ہوئی، نگراں وزیراعظم نے مصطفیٰ کمال کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاقی سطح پر اقدامات کی یقین دہانی کروائی اور انوارالحق کاکڑ نے پاکستان کی ترقی میں کراچی کے کردار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے نوجوانوں کو مواقع اور سہولیات دینے کی تجویز کی تائید بھی کی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی والوں سے فی یونٹ 3 روپے 81 پیسہ اضافی چارج کرنا کھلی زیادتی ہے جسے بند ہونا چاہئے، پچھلے 15 سالوں میں صوبائی حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آئی، نگراں وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں براہِ راست دلچسپی لے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ وفاق کراچی کے نوجوانوں کو مواقع اور سہولیات فراہم کرے وہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں، کراچی میں رہائشی اور صنعتی انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ملک کو اس بحران سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ایم کیو ایم وزیراعظم کے مثبت اقدامات کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















