نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مغدام کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے مطابق فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، میڈیا کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے پر اتفاق بھی ہوا۔
ایران کے سفیر نے مرتضیٰ سولنگی کو نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں ایران کے ساتھ میڈیا اور ثقافتی وفود کے تبادلوں پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں ایرانی سفیر نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
ایران کے سفیر نے علاقائی تعاون میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات کی دلچسپی کو سراہا اور اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ایرانی سفیر کو پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔
ملاقات میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور ایران گہرے مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کی حکومتیں اپنے عوام کی بہتری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے قریبی تعاون کو فروغ دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون وقت کی ضرورت ہے، پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، ایران کے ساتھ مل کر علامہ اقبال پر فلم تیاری کی جائے گی، فارسی زبان کے ساتھ ہمارا تعلق بہت پرانا ہے، علامہ اقبال اور سچل سرمست کے فارسی زبان کے کلام میں بڑی مماثلت ہے، سچل کو سات زبانوں میں فکر سخن کے باعث ”شاعر ہفت زبان“ کا لقب حاصل ہے، علامہ اقبال اور سچل سرمست سمیت فارسی کے دیگر شعراءکرام کی ادبی تخلیقات کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اکادمی ادبیات پاکستان اور خانہ فرہنگ ایران اس ضمن میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان اور ایران کے مابین معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبہ میں تعاون ناگزیر ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی (ارنا) کے درمیان تعاون پر مبنی مفاہمت کی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں، ٹیلی وژن، فلمز، سینما، ادبی اور لسانی اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے اس طرح کے کئی معاہدے زیر بحث ہیں، یہ معاہدے ہماری ثقافت اور روایات کو حقیقی روشنی میں پیش کرنے میں مدد دیں گے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی مینڈیٹ انتخابی عمل میں معاونت اور نگرانی کرنا ہے، پرامن انتخابات کا انعقاد ہماری ترجیح ہے۔
اس موقع پر ایران کے سفیر رضا امیری مغدام نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کو ایران میں قومی شاعر کا مقام حاصل ہے، ایرانی باشندے برصغیر کے عظیم شاعر علامہ اقبال کو بہت عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















