خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ نے صوبے میں مزدور کی کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت نگراں صوبائی کابینہ کا دسواں اجلاس ہوا جس میں دس نکاتی ایجنڈے محکمہ لیبر، صحت، ریلیف، اوقاف، بہبو آبادی، بلدیاتی حکومت زراعت پر بات کی گئی۔
کابینہ نے کے پی میں مزدور کی کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دی جبکہ اس سے قبل کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے تھی۔
علاوہ ازیں صوبائی کابینہ نے ورکرز چلڈرن ایجوکیشن بورڈ کے اسکولوں کے لیے گرانٹ ان ایڈ، صحت کارڈ پلس مستقل اور پائیدار بنیادوں پر جاری رکھنے کی تجاویز کی منظوری دی۔
کابینہ نے دیر لوئر میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ملکیت 3 کنال اراضی کو ایمرجنسی ریسکیو سروسز خیبرپختونخوا کو منتقلی کی منظوری دی۔
اجلاس میں محکمہ بہبود آبادی کے ڈاکٹروں کو محکمہ صحت کے ڈاکٹروں کی طرز پر ہیلتھ پروفیشنل ہیلتھ الاونس دینے کی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں زرعی ترقی کے لئے فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجکٹ کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2023 میں بعض ترامیم کی اصولی منظوری دی جبکہ ضلع شمالی وزیرستان میں کاروباری نقصان کے ازالے کے لئے جاری اے آئی پی منصوبے کے مد میں سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔
اجلاس میں وزراء ، مشیر اور معاونین خصوصی سمیت چیف سیکریٹری و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



















