آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں اور عوام میں خلیج پیداکرنے والوں کو کچھ نہیں ملےگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 259ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اور سول سوسائٹی کے شہداء جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اُن کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس آئی ایس پی آر
بول نیوز سے براہ راست: https://t.co/uRL3PXIuHG#BOLNews #ISPR pic.twitter.com/7F4cWkhxbD— BOL Network (@BOLNETWORK) September 7, 2023
کانفرنس میں شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہداء اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
کانفرنس کے شرکاء نے ہر قسم کے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ 6 ستمبر کو ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا ء بھرپور طریقے سے منانے پر پاک فوج نے اپنی قابلِ فخر قوم کا شکریہ ادا بھی کیا۔
کور کمانڈر کانفرنس میں شرکاء نے ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لئے مذموم پروپیگنڈہ کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا اور اس کے نتیجے میں ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہونگے، انشاء اللہ
کانفرنس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ دہشت گرد جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، وہ ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
کانفرنس کے دوران ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے بارڈر اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا جبکہ کانفرنس کے شرکاء کو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا جبکہ جنرل عاصم منیر نے اپنے فوجیوں کی فلاح و بہبود اور حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل توجہ دینے پر کمانڈرز کی تعریف کی جو فوج کی آپریشنل تیاری کی بنیاد ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ملک میں معاشی سرگرمیاں جو اس وقت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)کی زیر نگرانی جاری ہیں، اُس کی مکمل حمایت کی جائے گی اور ایسی سرگرمیاں جو معیشت کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی۔



















