نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ قوم کو پاکستان نیوی کی صلاحیتوں اور کارناموں پر فخر ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ نے دشمن پر اپنی بہادری کی دھاک بٹھائی۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی، پاک بحریہ کی اس جنگ کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے مزید کہا کہ قوم کو پاکستان نیوی کی صلاحیتوں اور کارناموں پر فخر ہے، ملک کی دفاعی قوت وطن کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
دوسری جانب چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے یوم بحریہ 2023 کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ ہر سال 8 ستمبر یوم بحریہ کے طور پر مناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے پانیوں میں داخل ہو کر دوارکا پر بمباری خود اعتمادی، ہمت اور اللہ پر کامل یقین کا مظہر ہے۔ آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کرکے ہندوستانی ریڈار اسٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔
سربراہ پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی آبدوز غازی کی دھاک نے ہندوستانی بحریہ کی جوابی کارروائیاں روکنے اور اسے ساحل کے قریب محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے اور قومی ترقی باالخصوص ساحلی آبادیوں کی بہتری اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بحریہ نے وزارت بحری امور کے تعاون سے رواں سال فروری میں پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش اور کانفرنس (پی آئی ایم ای سی) کا انعقاد کیا۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ مادر وطن کے دفاع، خطرات اور چیلنجز کے خلاف میری ٹائم مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















