Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میری لڑائی کرپشن، مہنگائی اور نفرتوں کے خلاف ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ میری لڑائی کرپشن، مہنگائی اور نفرتوں کے خلاف ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کروڑ لعل عیسن میں جلسہ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں آپ کے سامنے ہوں چہروں پر مسکراہٹ ہے آپکے رات کے وقت دور دراز سے خواتین کا آنا یہ میرے ساتھ نہیں اسلام کے ساتھ محبت ہے اور چاروں طرف مایوسی ہے آپ کے پاس امید کی کرن لے کر آیا ہوں، آج میں اپکی خدمت میں آیا ہوں آج فیصلے کا دن ہے چاہے آپ جس پارٹی سے بھی ہیں آج عہد کرو ہم اسلامی نظام کے لیے جدو جہد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیاں ختم ہو گئیں حکومتیں چلی گئیں، گزشتہ پانچ سال میں زہریلی گالم گلوچ کی سیاست تھی، معاشی بدحالی مہنگائی نے آگ مچائے رکھی بدامنی عروج پررہی، اور یہ سب پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست کی دین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے لیے چولہا جلانا بچوں کو پڑھانا اور علاج کرانا مشکل ہو چکا ہے، موت سستی ہی زندگی مہنگی ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری لڑائی کرپشن مہنگائی بدامنی اور نفرتوں کے خلاف ہے، میں چاہتا ہوں پاکستان ترقی کرے مگر تب ممکن ہوگا جب حلال رزق کے دروازے کھلیں گے، جب نوجوانوں کو روزگار ملے خواتین کو عزت و وقار ملے گی تب ملک میں ترقی ہو گی، اقلیتوں کو جینے کا حق ملے گا امن ملے گا تب ملک ترقی کرے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ بڑے بڑے نعرے لگائے گئے مگر میرٹ پر کچھ نا ہوا خواتین کی عزت محفوظ نہیں، کیا گزشتہ حکومتوں میں مہنگائی میں کمی آئی یا اضافہ ہوا؟

انہوں نے کہا کہ میری آرزو ہے پاکستان میں امن جو دنیا کے لیے مثال بن جائے، ہم خیرات لینے کی بجائے دنیا بھر کے لوگوں میں خیرات ہم تقسیم کریں،عدالتوں میں انصاف ہو کوئی قانون سے بالا تر ہو میں ملک میں شریعت کا نظام چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا مگر چھہتر سالوں میں ایک دن بھی اسلام کا نظام نہیں دیکھا، اٹھارہ سو ساٹھ کا قانون ابھی تک چل رہا ہے، پاکستان ابھی تک انگریز کے بنے ضابطوں پر چل رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سود کا نظام ساتھ لے کر ہم کیسے ترقی کریں گے، جب خدا نے کہا سود میرے ساتھ جنگ ہے میرے ساتھ جنگ نا کرو مگر ملک میں شرعی عدالت کے حکم اور اسلامی نظریاتی کونسل نے سود کو رد کیا پھر بھی سودی نظام رائج ہے، اس لیے پاکستان معاشی طور پر کمزور ہے، جس کا نتیجہ یہ دیکھا ملک میں بدامنی ہوئی ملک نازک مرحلے تک پہنچ گی۔

سراج الحق نے کہا کہ ہر پیدا ہونے والا بچہ حکمرانوں کی نااہلیوں کے سبب تین لاکھ روپے کا مقروض ہے، وزیراعظم کہتا ہے آئی ایم ایف کی اجازت کے بغیر بلوں میں کمی نہیں آ سکتی کیا یہ آزاد ملک ہے؟

انہوں نے کہا کہ بھائیوں بہنوں بیٹیوں خدا نہیں چاہتا کہ ہم امریکہ اور آئی ایم ایف کے غلام ہوں، عزت نام ہے آزادی کا اپنے فیصلے آپ کرنے کا حکمرانوں نے آپکی عزت چھین لی ہے، حکمرانوں کی وجہ گرین پاسپورٹ کی عزت نہیں ہے۔

 امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مزید کہا کہ آپکو حوصلہ دیتا ہوں افغانوں نے امریکہ اور روس کو شکست دی ہم ان کے غلاموں کو شکست نہیں دے سکتے؟ میں دو بار کے پی کے کا وزیر خزانہ رہا ہوں میں کہتا ہوں ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں