صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہےک ہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں چین کے نامزد سفیر چیانگ زئے دُنگ کا خیرمقدم کیا جبکہ صدر مملکت نے چین کے ساتھ تجارت، معیشت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ چین ایک قابل اعتماد اور آزمودہ دوست ہے، پاکستان چین کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان تمام بنیادی اُمور پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، منصوبے سے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، استعداد بڑھانے اور پائیدار توانائی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملی ہے ، پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے تنازعہ پر اصولی موقف کی غیر متزلزل حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
صدر مملکت سے وینزویلا کے نامزد سفیر کی ملاقات
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وینزویلا کے نامزد سفیر ہوزے رافیل سلوا اپونٹے نے بھی ملاقات کی ۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان وینزویلا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بہتر بنانے پر خصوصی زور دیتا ہے ، وینزویلا کے سرمایہ کار پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
صدر مملکت سے کولمبیا کے نامزد سفیر کی ملاقات
علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کولمبیا کے نامزد سفیر جولیو اینیبل ریانو ویلانڈیا نے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کولمبیا کے ساتھ اقتصادی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ امید ہے کہ سفراء پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔



















