نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے اورعوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے اقوام متحدہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے ریذیڈنٹ ریپریزنٹیٹو سموئیل رزک کی ملاقات ہوئی جس کے دوران پنجاب میں ترقی کے پائیدار اہداف کے حصول، تعلیم، صحت اور خواتین کو با اختیار بنانے کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر قدرتی آفات سے پیشگی آگاہی کے لئے لوکل ڈیٹا سسٹم کی تشکیل کی ضرورت پر اتفاق، لوکل ڈیٹا کی تشکیل کیلئے اقوام متحدہ ڈویلپمنٹ پروگرام کی جانب سے تعاون اور ماحولیاتی اور موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کیلئے باہمی اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
محسن نقوی نے اس دوران کہا کہ یو این ڈی پی پنجاب میں ترقی اور بہتری کیلئے قابل اعتماد پارٹنر ہیں، غربت کے خاتمے اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے پائیدار ترقی کیلئے کوشاں ہیں، انفراسٹرکچر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے نجی شعبے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
ریذیڈنٹ ریپریزنٹیٹو یو این ڈی پی کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی بطور وزیراعلیٰ لیڈر شپ قابل تحسین ہے، وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم مختلف شعبوں میں بہتری کے لئے مثالی کام کر رہی ہے، سیلاب کے دوران پوری پنجاب انتظامیہ کا فوری رسپانس قابل تحسین رہا۔
چیف سیکرٹری، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری انڈسٹریز اور متعلقہ حکام کے علاوہ اسسٹنٹ ریذیڈنٹ ریپریزنٹیٹوز یو این ڈی پی عمارہ درانی، عامر گورایہ، فیصل اعوان، شجاع حاکم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















