نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست کے خلاف نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی صدارت میں پراونشل ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ہنڈی حوالہ کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف قوانین کو سخت بنانے اور بینکنگ ٹرانزیکشن کے عمل کو آسان بنانے پر اتفاق ہوا۔
اجلاس میں دہشتگردی میں معاون ثابت ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کی موثر روک تھام کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں غیر قانونی موبائل سموں، دھماکہ خیز مواد، بھتہ خوری، حوالہ ہنڈی، غیر قانونی اسلحہ،اسمگلنگ اورمنشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیو گیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران صوبے میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست کے خلاف نفرت پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس کونیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں پراونشل سکیورٹی سیکرٹریٹ کی اب تک کارکردگی پر بریفنگ دی گئی جبکہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئےضلعی سطح پر قائم کمیٹیوں اور ایپکس کمیٹی کے درمیان اشتراک کار مربوط بنانے کافیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سےخطاب میں نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کےفیصلوں پر عملدرآمدیقینی بنانے کے لئے موثر میکنزم تیار کیا جائے،خیبر پختونخوا میں منشیات کے استعمال کا رجحان تشویشناک ہے، اسے ہماری نئی نسل تباہ ہو رہی ہے۔
کور کمانڈر پشاور،نگران صوبائی وزیر خزانہ اور چیف سیکرٹری کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔



















