ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےکہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی مدت کے اندر انتخابات کروانے کا پابند ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعد وفاقی کابینہ میں بھی پی ڈی ایم کے وفاداروں کی تقرری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی غیر قانونی و غیر آئینی نگران کابینہ میں متنازعہ افراد کی شمولیت کے بعد یہی سلسلہ اب وفاقی کابینہ میں بھی دہرایا جا رہا ہے، صوبائی و وفاقی کابینہ میں پی ڈی ایم جماعتوں کے دیرینہ ساتھیوں کی شمولیت الیکشن کمیشن کی ساکھ پر ایک سوالیہ نشان ہے، سیاسی وابستگی اور متنازعہ کردارکے افراد کا نگران کابینہ میں تقرر دستور کے آرٹیکل 224 اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 230 کی کھلی خلاف ورزی ہے، الیکشن ایکٹ کےسیکشن 230 میں واضح طور پر درج ہے کہ نگران کابینہ میں شامل افراد غیر جانبدار اورکسی بھی سیاسی وابستگی سے ماورا ہونگے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ دو صوبوں کے بعد مرکز میں بھی ایک غیر جانبدار و غیر متنازعہ نگران کابینہ کے آئینی تصور کو مکمل تباہ و برباد کر دیا گیا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی غیر قانونی و غیر آئینی نگران کابینہ کے بعد وفاقی کابینہ میں بھی ایسے افراد کا تقرر کیا گیا ہے جو ماضی میں سیاسی جماعتوں کی حکومت کا حصہ رہ چکے ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے غیر آئینی نگران وزرائے اعلیٰ سمیت نگران کابینہ میں شامل افراد کی سیاسی وابستگی کھل کر سامنے آچکی ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان غیر جانبدار نگران حکومتوں کے قیام کے معاملے میں اپنا آئینی کردار ادا کرنے سے مسلسل قاصر ہے، نگران حکومت کے قیام کا واحد مقصد آئین کی متعین کردہ 90 روز کی مدت میں انتخابات کا انعقاد ہے، الیکشن کمیشن دستور اور الیکشن ایکٹ کے مطابق غیر جانبدار نگران حکومتوں کے قیام اور آئینی مدت کے اندر انتخابات منعقد کروانے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن محض بے وقعت چٹھی بازی کی بجائے نگران حکومت کی شفافیت اور غیر جاننداری کو عملی طور پر یقینی بنانے میں کردار ادا کرے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















