کوئٹہ میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پانے والے صوبیدار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ کے علاقے والی تنگی میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پانے والے صوبیدار قیصر رحیم کی نماز جنازہ آج کوئٹہ گیریژن میں ادا کردی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں کور کمانڈر بلوچستان، لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور دیگر سینئر عسکری حکام نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسدخاکی کو ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا، جہاں شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
کوئٹہ؛ سکیورٹی فورسز پر حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 14 ستمبر کو دہشتگردوں کی جانب سے ولی تنگی کوئٹہ کے قریب سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا، دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے دوران پاک فوج کے صوبیدار قیصر رحیم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایک سپاہی شدید زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















