نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت انتخابات میں التواء کے لیے کوئی جواز سامنے نہیں لائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نجی میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان اور سرحدی صورتحال تشویشناک ہے تاہم انتخابات کے التواء کا امکان دِکھائی نہیں دیتا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مغربی اور مشرقی محاذ پر خطرات کا سامنا ہے لیکن یقین ہے کہ سرحدی خطرات پرقابو پا لیں گے اور انتخابی عمل بھی بلا رکاوٹ مکمل کروا لیں گے، حکومت انتخابات میں معاونت کے لیے بہت سے اقدامات کر چکی ہے لیکن اسکی تشہیرکم ہو رہی ہے۔
انوار الحق نے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ہمیں یقین ہے کہ وہ اپنے کام کو انتہائی ایمانداری سے سرانجام دیں گے اور وہ اس عمل کو شروع کر چکے ہیں صرف آئینی تقاضے پورے کر رہے ہیں۔
عمران خان کو سیاست سے دور کرنے کے سوال پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمیں عمران خان پر عائد الزامات کے نتائج کا انتظار ہے، یہ درست تاثر نہیں ہے، اُمید کرتا ہوں یہ عدالتی عمل غیرجانبدار ہو تاکہ سب کو نظر آئے کہ یہ کسی کو سیاست سے دور کرنے کا عمل نہیں ہے۔



















