لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام اپنے ووٹ سے نواز شریف کو مضبوط کریں، مہنگائی ہم کم کردیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے پارٹی کے مختلف ونگز کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو اللہ تعالیٰ نے سرخرو کردیا ہے، اب پاکستان کو سرخروکرنا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہر بار نواز شریف کو ’پلس‘ کیا، ہر بار مائنس کرنے کی کوشش مائنس ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی، امید ہے کہ آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی، دعا ہے کہ ترازو کے پلڑے سب کے لئے برابر ہوں۔
انکا کہنا ہے کہ امید ہے کہ نوازشریف اور ان کے مظلوم ساتھیوں کو”پراجیکٹ“ کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی، نوازشریف دشمنی کی سوچ اصل میں پاکستان دشمنی اور عوام دشمنی کی سوچ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے، ملک کو انتقام، ٹکراﺅ اور افراتفری سے نجات دلانا ہوگی، صوبہ سندھ سمیت پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کا سفر لے کر جائیں گے، ہماری لڑائی مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیڈگورننس سے ہے۔
چیف آرگنائزر نے کہا کہ نوازشریف اور اُن کے ساتھیوں نے بہادری اور ثابت قدمی سے ناانصافیوں کا سامنا کیا، نوازشریف اور اُن کے ساتھی ہی ملک وقوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوش حالی نوازشریف کے مقدر میں لکھی ہے، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی ختم کی تھی، اب مہنگائی میں کمی کا وعدہ پورا کریں گے، نوازشریف نے ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، نوازشریف اب معاشی طورپر پاکستان کو ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عوام کے چہروں پر اطمینان اورمعاشی آسودگی دیکھنا چاہتے ہیں، عوام اپنے ووٹ سے نوازشریف کو مضبوط کریں، مہنگائی ہم کم کردیں گے، نوازشریف کو سیاسی طورپر جتنا عوام مضبوط کریں گے، اُتنا ہی پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہوجائے گا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















