Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئین کے تقدس کیلئے قوم کی امیدوں کا مرکز صرف عدلیہ ہے، پی ٹی آئی

ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اس وقت آئین کے تقدس کیلئے قوم کی امیدوں کا مرکز صرف عدلیہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے قاضی فائز عیسیٰ کو ملک کے 29 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے چیف جسٹس سے انصاف کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی امید کا اظہار بھی کیا۔

 ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ نو منتخب چیف جسٹس آئین و قانون کے اصولوں کے تحت انصاف کے تمام  تقاضوں کو پورا کریں گے، ایک آزاد اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہمیشہ عدل و انصاف پر قائم ہوتی ہے، جن معاشروں کے لوگوں کو عدل و انصاف میسر نہ ہو وہ معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور عدل و انصاف تک رسائی کی ذمہ داری عدلیہ پر عائد ہوتی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف قانون کی پاسداری کرنے والی جماعت ہے جس کا نظریہ قانون کی بالادستی اور عدل و انصاف کے اعلیٰ ترین اصولوں پر مبنی ہے، چئیرمین تحریک انصاف کی 27 سالہ سیاسی جدوجہد میں ہر قدم پر قوم کو آئین و قانون کی پاسداری کی تلقین کی گئی تھے، تحریک انصاف چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اورملک کے نظامِ عدل سے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے مؤثر اقدامات کی متقاضی ہے۔

 ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ سیاسی قیدیوں بالخصوص جیلوں میں قید خواتین کے آئینی حقوق کا تحفظ چیف جسٹس کی اولین ترجیح ہوگی، جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے لواحقین بھی حصولِ انصاف کی آس میں چیف جسٹس کی جانب دیکھ رہے ہیں، اس وقت آئین کے تقدس اور قانون کی حرمت کیلئے قوم کی امیدوں کا مرکز و محور صرف عدلیہ ہے، پاکستان تحریک انصاف شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی خاطر نو منتخب چیف جسٹس کو اپنے مکمل تعاون کایقین دلاتی ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں