مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں جلد ہی حالات پر قابو پالیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و خودمختاریِ خواتین مشعال حسین ملک نے گوجر خان کے قریب ایک پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹی میں فری دسترخوان اور فری ہیلتھ کیئر سوسائٹی کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر مشعال حسین ملک نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نہ صرف معصوم کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث ہے بلکہ ہندوتوا حکومت دہشت گردی کی کارروائیوں کو دنیا کے دوسرے مقامات پر لے جانے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سفاک فورسز نے کشمیریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور اختلافی آوازوں کو خاموش کرنے کے لیے انہیں بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فاشسٹ بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تاہم بھارتی فورسز کی وحشیانہ اور غیر انسانی کارروائیوں پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے خاموشی انتہائی قابل افسوس ہے۔
مشعال حسین ملک نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کو آزاد ریاست میں زندگی گزارنے پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، پوری دنیا کو مہنگائی کا سامنا ہے تاہم پاکستان میں جلد ہی حالات پر قابو پالیا جائے گا۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے مزید کہا کہ میٹرو سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں انہوں نے ایک جدت دیکھی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ انتظامیہ صحت اور کھانے کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے علاوہ ازیں ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















