Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرادیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ حتمی فہرستوں کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔

عام انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے 88 نکات پر مشتمل مجوزہ ضابطہ اخلاق جاری کردیا تھا۔

جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق صدر، وزیراعظم، وزراء اور عوامی عہدیدار انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے جبکہ سینیٹرز و بلدیاتی نمائندے انتخابی مہم چلا سکیں گےاور ترقیاتی اسکیموں کے اعلانات پر پابندی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عدلیہ، نظریہ پاکستان کے خلاف گفتگو اور مہم پر پابندی ہوگی جبکہ سیاسی جماعتیں، امیدوار رشوت، تحائف، لالچ نہیں دینگی اور سیاسی جماعتیں جنرل نشستوں پر 5 فیصد خواتین امیدواروں کو ٹکٹس دینگے۔

اس کے علاوہ جلسے جلوسوں اور عوامی اجتماعات میں اسلحہ کی نمائش، سرکاری خزانہ سے سیاسی و انتخابی مہم چلانے اور سرکاری ذرائع ابلاغ پر جانبدرانہ کوریج پر پابندی ہوگی۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق امیدوار ہر پولنگ بوتھ پر ایک پولنگ ایجنٹ حلقہ کےلئے 3 الیکشن ایجنٹ مقرر کرسکتا ہے، الیکشن ایجنٹ کا متعلقہ حلقہ سے ہونا لازمی ہوگا جبکہ سرکاری املاک پر سیاسی جماعتوں کے پرچم لگانے پر پابندی ہوگی۔

عام انتخابات کی تیاریاں جاری

ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم اس حوالے سے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ٹریننگ 4 ستمبر سے 16 ستمبر2023 تک پاکستان کے 16 مختلف شہروں میں کی جائے گی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کا مقصد  انتخابی عمل میں مزید شفافیت لانا اور کام کو بروقت مکمل کرنا ہے جبکہ ٹریننگ کی مانیٹرنگ کے لئے جدید سسٹم بھی تیار کیا گیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ 25 سینئر افسران اس ٹریننگ کی مانیٹرنگ اور نگرانی کریں گے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں