Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی عرب ترقی کرتا ہوا مسلم امہ کا ایک اہم ملک ہے، وفاقی وزیر مذہبی

وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہر میدان میں مثالی ترقی کرتا ہوا مسلم امہ کا ایک ممتاز اور انتہائی اہم ملک ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی عرب کے 93ویں قومی دن کے موقع سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سمیت سعودی عرب کے تمام شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انیق احمد نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، سعودی حکمرانوں نے جس طرح ضیوف الرحمن کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کی ہیں وہ قابل قدر ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب ہر میدان میں مثالی ترقی کرتا ہوا مسلم امہ کا ایک ممتاز اور انتہائی اہم ملک ہے، ہمیں خوشی ہے کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے 27 ملین پاکستانی بھی سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں شریک ہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی کا کہنا تھا کہ اپنے وطن سے محبت ہر شہری کو ورثے میں ملتی ہے تاہم سعودی عرب اس لحاظ سے منفرد مملکت ہے کہ سعودی شہریوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے کونے کونے میں بسنے والے مسلمان سعودی عرب اور اس کے شہریوں سے خاص لگاؤ اور عقیدت رکھتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودی عرب نے اپنے قیام سے لے کر اب حیرت انگیز ترقی کی ہے اور یہ سلسلہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کے دور حکومت میں خصوصاً وژن 2030 کے باعث تیز تر ہو گیا ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین خوشگوار برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے دوام اور مملکت کی ترقی و استحکام کیلئے دعاگو ہیں۔

 

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں