Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے وکلاء نوازشریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں، مریم نواز

مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کے وکلاء نوازشریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) وکلاء ونگ کا پارٹی قائد میاں نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے ماڈل ٹاؤن میں اہم اجلاس ہوا جس میں مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ نواز شریف کی آواز پر لبیک کہا ہے، وکلاء تحریک اس کا واضح ثبوت ہے نواز شریف جب باہر نکلتا ہے تو عوام ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔

سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی جمہوریت پسند وکلا برادری نے ہمیشہ نواز شریف کو ہی سپورٹ کیا ہے، یہ جو کالا کوٹ ہے میاں تیرا ووٹ ہے نعرہ اٹل حقیقت ہے۔

اجلاس سے عطا اللہ تارڑ نے بھی خطاب کیا اور وکلاء کی قربانیوں اور آئین اور جمہوریت کی خاطر ہونے والی تحریکوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ قائد نوازشریف کے تاریخی استقبال کےلیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں،21 اکتوبر پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی اور سویلین بالا دستی وکلاء کی جدوجہد اہمیت کی حامل ہے، نواز شریف واپس آئیں پاکستان کی وکلاء برادری ان کے استقبال کے لیے فرنٹ لائن میں کھڑی ہوگی۔

پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ واضح اور دو ٹوک ہے، جمہوریت کی کامیابی،آئین کی بالادستی اور اداروں کا استحکام ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے قائد میاں نوازشریف کا استقبال کرنے کےلئے بے تاب ہیں، نوازشریف کے استقبال میں ہر طبقے کے لوگ موجود ہونگے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے وکلاء نوازشریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں، وکلاء برادری نے ہر موقع پر نوازشریف کا ساتھ دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ سینکڑوں عدالتی پیشیاں ہوں، کوٹ لکھپت ہو یا اڈیالہ جیل کی قید ہر جگہ وکلاء نوازشریف کے ساتھ کھڑے رہے۔

اجلاس میں سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ، نصیر بھٹہ، عطا اللہ تارڑ،محسن رانجھا، انوشہ رحمان،عظمی بخاری،رانا ارشد بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں رانا ظفر اقبال صدر لائرز ونگ،عنصر بلوچ جنرل سیکرٹری، خاور اکرام بھٹی،رفاقت ڈوگر،صفدر جٹ،ملک شہباز نٹھر، امتیاز الہی،ناصر چوہان،ملک ذیشان اعوان اور پنجاب بھر سے آئے ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں