نگران وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور جی سی سی کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدوی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت اور کاروباری تعلقات کے فروغ پر نئے سرے سے توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک جامع شراکت داری قائم کرنے کے لیے تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
جلیل عباس جیلانی نے پاکستان- جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ نگران وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور معصوم شہریوں کے خلاف بھارتی فورسز کے مظالم سے بھی آگاہ کیا۔
نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جی سی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی روابط کو مضبوط کرنا چاہتا ہے، جو دونوں فریقوں کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے مشترکہ ایکشن پلان کے مطابق ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اسلام آباد میں جی سی سی وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی میزبانی کے لیے تیار ہے جیسا کہ رواں سال مارچ میں ہونے والے سیاسی مذاکرات کے پہلے اجلاس کے دوران تجویز کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جی سی سی کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار اور ثقافتی مماثلت سے جڑی ہوئی ہیں۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جی سی سی کو خطے میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر دیکھتا ہے جو پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















