لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبالی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں جبکہ ن لیگ نے تشہیری مہم کے لیے اہم ہدایات نامہ جاری کر دیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی رہنما و کارکنان کو ہدایت نامے پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے، نواز شریف کے استقبال کے لئے بنوائے جانے والی پوسٹر، فیلکسز اور بینرز پر نواز شریف کی تصویر نمایاں ہوں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی تصویر کے سائز کے برابر کسی رہنما کی تصویر نہیں ہو گی جبکہ ہر بینر، پوسٹر یا فلیکس پر بنیادی پیغام “امید سے یقین تک، پاک سرزمین تک” لازمی لکھوانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تمام فلیکسز وغیرہ پر ثانوی پیغام میں “نواز شریف کے سنگ غربت اور مہنگائی مٹائیں” لکھوانے یا پرنٹ کروانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
پارٹی قیادت نے ثانوی پیغام کے تحت “آئیں 21 اکتوبر کو تاریخ بنائیں” بھی پرنٹ کی ہدایت دی اور کہا کہ پارٹی کے فراہم کردہ مواد کے علاوہ دیگر مواد استعمال نہ کریں۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے افقی، عمودی سمیت ہر طرح اور ہر سائز کے سٹیمرز، پوسٹرز، بینرز اور ہورڈنگز کے سائز جاری کردیے گئے ہیں اور مقامی قیادت کی تصاویر کے لئے الگ جگہ مختص کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل اسکرین، بیک ڈراپس کے ساتھ ساتھ کار اسٹکرز کے لئے بھی ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے لئے اشتہاری اسٹکرز پرنٹ کروانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کو یادگار بنانے کے لئے فلوٹ بھی بنوائے جائیں گے، ٹی شرٹ، کیپ، اسکارف، بیج، مگ پر بھی اشتہاری مہم چلائی جائے گی۔
پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لئے کوور فوٹوز کے سیمپل بھی جاری کردیے ہیں، نواز شریف کی وطن واپسی پر مسلم لیگ اشتہاری مہم میں یک جان اور ایک ہی رنگ میں رنگی نظر آئے گی اور ہر عمل مسلم لیگ ن کی ری برینڈنگ ہو گا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















