چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چین کے سفیر جیانگ زائیڈنگ کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ ملاقات میں خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے چین کے سفیر کو بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے سفیر اپنی بھرپور صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
محمد صادق سنجرانی نے خطے میں امن کے قیام کیلئے چین کی کاوشوں کو سراہا جبکہ چیئرمین سینیٹ نے چین کی این پی سی کے سربراہ کو پاکستان کا دورے کرنے دعوت بھی دی۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ زراعت، کان کنی کے شعبوں میں چین کے تجربات سے استعفادہ کریں گے جبکہ اسٹریٹجک تعاون شراکت داری پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط کریگی۔
محمد صادق سنجرانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہر پلیٹ فارم پر چین اور پاکستان نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا ہے، دونوں ممالک ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بدولت مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ چین کے سرمایہ کارآگے بڑھیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول ساز گار ہے، مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اورسرمایہ کاری کے لئ نئی راہیں ہموار ہونے میں مدد ملے گی۔
چینی سفیر نے سفارتی، سماجی، اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ چین نے حال ہی میں ایک وائٹ پیپر شائع کیا جس کا عنوان ”بنی نوع انسان کا مشترکہ مستقبل“ ہے، وائٹ پیپر کا مقصد دنیا کو امن، ترقی کا گہوارہ بنانا ہے۔
ملاقات میں چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو چین کے دورہ کی دعوت بھی دی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















