صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان اردن کے ساتھ اپنے قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے اردن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) محمد اجمل اقبال کی ملاقات ہوئی جس میں صدر مملکت نے پاکستان اور اردن کے مابین موجودہ تعلقات کی سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ اردن میں پاکستان کے سفیر تجارت، معیشت، ثقافت اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کیلئے کام کریں۔
ڈاکٹرعارف علوی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور اردن کے تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ سے جڑے ہیں جبکہ پاکستان اردن کے ساتھ اپنے قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اردن کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات مزید بہتر بنانا چاہتا ہے جبکہ پاکستان اور اردن ایک دوسرے کیلئے گرمجوشی رکھتے ہیں اور مشترکہ خیالات کے حامل ہیں۔
ڈاکٹرعارف علوی نے سماجی، سیاسی اور اقتصادی تعلقات بہتر بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا اورکہا کہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں، سیاسی مشاورت اور مشترکہ وزارتی کمیشنوں کے باقاعدہ انعقاد کی ضرورت ہے۔
صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے عالم اسلام بالخصوص فلسطین اور اسلامو فوبیا سے متعلق مختلف امور پر پاکستان اور اردن کے درمیان نظریات کی یکسانیت کو سراہا جبکہ صدر مملکت نے مختلف مسائل پر دیگر مسلم ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔



















