نگراں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو درپیش اقتصادی و سماجی چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر شمشاد اختر نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے پاکستان میں سربراہ سید علی محمود اور کارانداز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقاص الحسن سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کا مقصد بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے تعاون سے فوری ادائیگیوں کے نظام راست پر پیشرفت، مربوط سماجی تحفظ کے پروگرام اور ڈیجیٹل پاکستان کے حوالے سے امور کا جائزہ لینا تھا۔
ملاقات میں سماجی تحفظ کے مربوط پروگرام اور اس کے امیونائزیشن ، خواتین کو بااختیار بنانے اور مالیاتی انکلوژن پر اثرات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ کاراندا ز کے ذریعے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کی معاونت کے ضمن میں مفاہمت کے سمجھوتہ پر دستخط اکتوبر2023 میں مراکش میں عالمی بینک کے اجلاس کے موقع پر ہوں گے۔
کارانداز کے سی ای او نے وزیر خزانہ کو راست پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی اور اس کے اہم نکات کے بارے میں وزیر خزانہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ راست کے ذریعے اب تک 4 ٹریلین روپے کا لین دین ہو چکا ہے اور اس کے 33 ملین کے قریب منفرد آئی ڈیز موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے راست پروگرام میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے تعاون کو سراہا اور اس ضمن میں مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کرنے کے تصور کی حمایت کی۔
نگراں وزیر خزانہ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جامع و پائیدار اقتصادی نمو ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور ملک کو درپیش اقتصادی و سماجی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے پائیدار ترقیاتی اہداف اور جامع اقتصادی نمو کیلئے سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک پر زوردیا اور اس ضمن میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن اور کارانداز پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















