اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں،دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ترکیہ کی پارلیمنٹ کے باہر خود کش حملے کی مذمت کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ترکیہ کے پارلیمان اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام اس مشکل گھڑی میں ترکیہ کی پارلیمان اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ترکیہ کی پارلیمان کے قریب خود کش حملہ دراصل حریت پسندی اور جمہوریت پر حملہ ہے پاکستان کی پارلیمان اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ کی عوام اور پارلیمان ان فسادی عناصر سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ترکیہ کی پارلیمان کے باہر دہشتگرد حملہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی شازش ہے۔
پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے ناسور سے نبردآزما ہیں، ہمارا مذہب اسلام ہر قسم کی دہشتگردی کی ممانعت کرتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں دو دن قبل عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر دہشتگردوں نے خود کش دھماکوں کے ذریعے بڑی تعداد میں معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں،دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں، خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ترکیہ کی پارلیمان کے باہر دھماکے میں زخمیوں ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دھماکا
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں وزارت داخلہ کے دفتر کے باہر دھماکا ہوا اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی جارہی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2 دہشتگردوں نے وزارت داخلہ کی عمارت کے باہر دھماکا کیا، دونوں دہشت گرد گاڑی میں آئے تھے۔
ترکیہ حکام کا کہنا ہے کہ ایک دہشتگرد نے خود کو عمارت کے گیٹ پر دھماکے سے اڑایا جبکہ دوسرے دہشتگرد کو ہلاک کردیا گیا ہے۔’
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















