لاہور: سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کے اتحاد سے ہی ملک کو مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پارٹی رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
دوران ملاقات شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ اور اور وقت نے گواہی دی ہے کہ نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے ایمانداری، خلوص اور محنت سے ملک وقوم کی خدمت کی۔
سابق وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی کاوشوں کو سراہا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ قوم کے اتحاد سے ہی ملک کو مسائل سے نکالا جا سکتا ہے، نواز شریف تعمیر ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں رانا تنویر حسین، رانا مشہود علی خان، سردار اویس خان لغاری اور دیگر رہنما شامل تھے۔
دوسری جانب قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی پاکستان واپسی کیلئے ٹکٹ بک کرا لی گئی ہے۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ لینڈ کریں گے اور اس ہی دن وہ ابو ظہبی سے لاہور کے لیے بھی روانہ ہوں گے۔
میاں نواز شریف کی اتحاد ایئر ویز کی پرواز 243 کی ایڈوانس بکنگ کروا لی گئی ہے جو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر شام 6 بجکر 25 منٹ پر لینڈ کرے گی تاہم انکے ہمراہ انکا اسٹاف اور ذاتی مشیران بھی ہوں گے۔
ابو ظہبی سے اسی پرواز میں متعدد لیگی رہنماؤں اور سابق ارکان پارلیمنٹ نے بھی سیٹیں بک کرالی ہیں جبکہ ابوظہبی ایئر پورٹ پر پاکستان سے مختلف شعبوں سے لیگی کارکن استقبال کے لئے پہنچیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















