نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ مفت علاج کی سہولیات جاری رکھنا نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت صحت کارڈ اسکیم سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں صحت کارڈ کے تحت اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنیوں کو بقایا جات کی ادائیگیوں سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی حکومت کی طرف سے کمپنی کو آئندہ کی ادائیگیوں کے طریقہ کار پر اتفاق کیا گیا جبکہ اجلاس میں صحت کارڈ اسکیم میں نئے اصلاحات پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
محمد اعظم خان نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت صحت کارڈ اسکیم کو پائیدار بنیادوں پر چلانے کے لئے پر عزم ہے، ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا خیبر پختونخوا پر سب سے زیادہ اثر پڑ رہا ہے.
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاق سے صوبے کے شئیرز بروقت نہ ملنے کی وجہ سے صوبائی حکومت کو معاشی مسائل کا سامنا ہے۔ معاشی مسائل کے باوجود مفت علاج معالجے کی سہولیات بلاتعطل جاری رکھنا نگران صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اسکیم کو پائیداربنیادوں پر چلانےاور مفت علاج کی سہولیات بلاتعطل جاری رکھنےکے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اس مقصد کے لئے نئےاصلاحات متعارف کئے جارہے ہیں تاکہ اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ غریب لوگوں کو مل سکے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبے کی زیادہ تر آمدن کا دارومدار وفاق سے ادائیگیوں پر ہے جبکہ صحت کارڈ اسکیم کو جاری رکھنے میں اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کا تعاون قابل ستائش ہے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، نگران صوبائی حکومت اسٹیٹ لائف کے بقایا جات کی ادائیگیوں کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















