Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مرتضیٰ سولنگی

مرتضیٰ سولنگی نےکہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان میں تعینات روس کے سفیر دانیلا گینیچ کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے روابط، سلامتی، معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ روسی وزیر اطلاعات کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ روسی وزیر اطلاعات کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی جائے گی، روسی وزیر اطلاعات کے دورہ کے موقع پر اے پی پی اور طاس نیوز ایجنسی، پی ٹی وی اور روسی ٹیلی ویژن اور روسی ریڈیو ریڈیو پاکستان کے درمیان ممکنہ معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز، مشترکہ پروڈکشنز اور تربیتی پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان روس کے ساتھ میڈیا، ڈرامہ، فلمز کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان اور روس کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں تقریب کے انعقاد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کا سلسلہ طویل عرصے پر محیط ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانا اور مشترکہ اہداف کی راہیں تلاش کرنا پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کے دل کی آواز ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہمارے باہمی تعلقات بدلتے تقاضوں کے مطابق تابناک مستقبل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔

ملاقات میں روس کے سفیر دانیلا گینیچ نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین ذرائع ابلاغ سمیت زندگی کے ہر شعبے میں تعاون موجود ہے، روس پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کا خواہاں ہے جبکہ روس میں پاکستانی ڈراموں کو خاصی مقبولیت حاصل ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں