پاکستان تحریک انصاف نے اسرائیلی جارحیت کے شکار اہلِ فلسطین سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نمازِ جمعتہ المبارک کی ادائیگی کے بعد ملک گیر سطح پر مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کی جانب سے عالمی برادری پر غزہ میں جاری اسرائیلی وحشت و بربریت رکوانے اور اہلِ فلسطین کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں آزادی کا بنیادی حق دلوانے کیلئے فوری کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی کورکمیٹی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا مسئلہ فلسطین پر مؤقف بانی پاکستان قائد اعظم کے مؤقف کا آئینہ دار ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم کشمیر کے ساتھ فلسطین کے مسئلے کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا، پاکستان تحریک انصاف اہلِ فلسطین کی اصولی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی اور اسرائیل کو جنگی جرائم کی مرتکب ناجائز ریاست تصور کرتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے کہا کہ جب تک کشمیر و فلسطین جیسے مسائل اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر حل طلب ہیں، عالمی امن کے قیام کا خواب کسی طور شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا، اقوامِ عالم خصوصاً مسلم اُمّہ فلسطین کے دیرینہ مسئلے کے اہلِ فلسطین کی امنگوں کی روشنی میں حل کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائیں اور قابض اسرائیل کے غیرانسانی و توسیع پسندانہ عزائم کے تدارک کیلئے مؤثر لائحہ عمل اختیار کریں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















