راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ژوب میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے میجر سید علی رضا اور حوالدار نثار احمد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا بھی کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے بہادر سپوتوں کی قربا نیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
راجہ پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ ہماری مسلح افواج ملک دشمنوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ، پاکستانی قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات ملی تھیں جس پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران آپریشن کی قیادت کرنے والے سرگودھا کے 31 سالہ میجر سید علی رضا شاہ اور وہاڑی کے 38 سالہ حوالدار نثار احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز اپنے بہادر جوانوں کی مقروض ہیں اور ان کی جرات و شجاعت پر فخر کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز مادر وطن کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔



















