Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔

تفصلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع ژوب میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں، ہماری بہادر افواج دہشت گردی کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔

انوار الحق نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات ملی تھیں جس پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

 کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران آپریشن کی قیادت کرنے والے سرگودھا کے 31 سالہ میجر سید علی رضا شاہ اور وہاڑی کے 38 سالہ حوالدار نثار احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز اپنے بہادر جوانوں کی مقروض ہیں اور ان کی جرات و شجاعت پر فخر کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز مادر وطن کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔

متعلقہ خبریں