Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صداقت عباسی کا تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما صداقت عباسی نے سیاست اور پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے ہیں وہ نہیں ہونے چاہئیں تھے، پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے مستعفیٰ ہونے کے ساتھ یہ کہنا چاہوں گا کہ اب میں مزید 9 مئی کا بوجھ اپنے کندھوں پر نہیں اٹھا سکتا۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 مئی کوپلان بنا تھا،6 مئی کو جی ایچ کیو کے قریب ریلی نکالنے کا مقصد اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دینا تھا، 7 مئی کو فیصلہ ہوا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ردعمل کا اظہار کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا بیانیہ یہی تھا کہ ہماری لڑائی اسٹیبلشمنٹ کیساتھ ہے، وہ نہیں چاہتے تھےکہ جنرل عاصم منیر آرمی چیف بنیں۔

صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ سربراہ تحریک انصاف کے بیانیہ میں  ایک سال میں شدت آگئی تھی، ان کا بیانیہ مزاحمت کے بعد مفاہمت کا تھا لیکن مزاحمت کے بعد مفاہمت نہیں ہو سکی البتہ پی ٹی آئی در بدر ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہنا تھا کہ 7 مئی کو زوم میٹنگ بشریٰ بی بی کی تجویز پربلائی گئی تھی۔

صداقت عباسی نے کہا کہ 9 مئی کے بعد میں ایک ماہ تک دوست کے گھر میں روپوش رہا اور پھر اہل خانہ کے ساتھ خاموشی سے گلگت چلا گیا تھا‘۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسی طرح سے پی ٹی آئی کے روپوش رہنما عثمان ڈار بھی اچانک ٹی وی پر آئے اور ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے 9  مئی کے واقعات کا ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی کو قرار دیا اور مختلف دعوے بھی کیے تھے جبکہ پروگرام کے دوران ہی انہوں نے تحریک انصاف چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں