لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے عام انتخابات میں مجوزہ تاخیر پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے آئندہ عام انتخابات الیکشن کمیشن کے مجوزہ شیڈول جنوری 2024 میں کرانے کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا اور کہا کہ انتخابات میں کسی بھی قسم کی تاخیر کی مسلم لیگ ن بھرپور مخالفت کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی کو مقررہ وقت پر ہی انتخابات کے مطالبے پر ڈٹ جانے کی ہدایت دے دی اور مرکزی قیادت نے پارٹی کو مولانا فضل الرحمان کے انتخابات میں تاخیر کے مطالبے سے فاصلہ رکھنے کی بھی ہدایت دی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت نے ہدایت دی کہ ٹی وی ٹاک شوز اور دیگر پلیٹ فارمز پر انتخابات میں کسی قسم کی تجویز کی مخالفت کی جائے۔ نواز شریف وطن واپسی پر مینار پاکستان کے جلسے میں انتخابات میں تاخیر کی تجویز کی مخالفت کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف انتخابات آئندہ سال جنوری یا فروری میں کرانے کے حامی ہیں، مسلم لیگ ن عام انتخابات جنوری یا فروری 2024 سے آگے لے جانے کی مخالفت کرے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ کر چکی ہے۔
8 ستمبر 2023 کو جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے امیر اور گزشتہ حکمران اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں انتخابات ناگزیر ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ عام انتخابات آئندہ سال فروری کے آخر تک ہو سکتے ہیں لیکن خطے میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کے پیش نظر ماضی میں وفاق کے زیر انتظام چلنے والے قبائلی اضلاع میں انتخابی مہم چلانا تقریباً ناممکن ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی اپنے الفاظ سے پیچھے نہ ہٹتی تو اب تک عام انتخابات ہو چکے ہوتے۔ پی ڈی ایم کی تمام اتحادی جماعتوں نے گزشتہ سال کے اوائل میں انتخابات کرانے پر اتفاق کیا تھا، ان جماعتوں میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل اور دیگر جماعتیں بھی شامل تھیں۔
21 ستمبر 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرادیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی۔ حتمی فہرستوں کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔
بعدازاں ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم اس حوالے سے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے، ٹریننگ 16 ستمبر 2023 تک پاکستان کے 16 مختلف شہروں میں کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کا مقصد انتخابی عمل میں مزید شفافیت لانا اور کام کو بروقت مکمل کرنا ہے جبکہ ٹریننگ کی مانیٹرنگ کے لئے جدید سسٹم بھی تیار کیا گیا ہے. 25 سینئر افسران اس ٹریننگ کی مانیٹرنگ اور نگرانی کریں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















