Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات؛ سیاسی صورتحال پر گفتگو

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں آمد ہوئی جہاں شہبازشریف نے آمد پر مولانا فضل الرحمن کا استقبال کیا اور دونوں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر اسرائیل فلسطین تنازع اور اس کے بعد کی عالمی صورتحال بھی زیربحث آئی۔

ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو عام انتخابات میں تاخیر کرنے کے اپنے مطالبے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، دونوں قائدین نے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حوالے سے گفتگو کی۔

مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا اور دونوں قائدین نے مشاورت اور اشتراک عمل سے آگے بڑھنے کا فیصلہ بھی کیا۔

دونوں قائدین نے اس پر اتفاق  کیا کہ بحرانوں کو مل کر ہی نمٹا جاسکتا ہے۔

شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 16 ماہ میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں آپ نے بھرپور تعاون کیا۔

 مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تمام جماعتوں نے 16 ماہ میں سیاست کا نہیں صرف ریاست بچانے کا سوچا، پاکستان کو اتحاد، مشاورت اور اشتراک عمل ہی بحرانوں سے نکال سکتا ہے، قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے بعد سیاسی وجمہوری نظام مضبوط ہوگا۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے، سچ بے نقاب ہوچکا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گئے، نوازشریف اور ان کے خاندان کو ناحق ستایا گیا، یہ تاریخ کا سیاہ اور افسوسناک باب رہے گا۔

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں