گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے سرمایہ کاروں کے لیے بہترین ماحول فراہم کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز سے روس کے سفیر دانیلا گانیش کی ملاقات ہوئی جس میں پاک روس دو طرفہ اقتصادی و معاشی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کے مقصد سے مضبوط تعاون کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے دوطرفہ تجارت میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور مضبوط اقتصادی تعاون کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی تعلقات کی بھرپور صلاحیتوں کے ادراک کی جانب ایک اور قدم ہے، ہماری آج کی بات چیت نے روس کے ساتھ ایک روشن اقتصادی شراکت داری کی منزلیں طے کی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک روس تجارتی حجم 92 کروڑ ڈالرز ہے، پاکستان روس کو کینو ، ٹیکسٹائل گارمنٹس مصنوعات برآمد کر رہا ہے جبکہ پاکستان روس سے گندم اور کوئلے سمیت کئی مصنوعات درآمد کر رہا ہے۔
وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان روس کے سرمایہ کاروں کے لیے بہترین ماحول فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ مالی سال 23۔2022 تک پاکستان اور روس کے درمیان کل تجارت 920 ملین امریکی ڈالر تھی۔ اس عرصے کے دوران پاکستان کی روس کو برآمدات کا حجم 74 ملین امریکی ڈالر جبکہ روس سے درآمدات 846 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ روس کو پاکستان کی برآمدات میں مختلف قسم کی مصنوعات شامل ہیں، جن میں پھل، چمڑے کے ملبوسات، تیار ملبوسات، آلو، گھریلو ٹیکسٹائل، بنے ہوئے سوتی کپڑے، جراحی اور طبی آلات، مصنوعی سٹیپل فائبر کے بنے ہوئے کپڑے، اور نمک وغیرہ شامل ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















