مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں پر جاری ظلم و جبر پر اقوام عالم کی خاموشی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے یوم یکجہتی فلسطین و بیت القدس شریف کی مناسبت سے آج اکوڑہ خٹک میں ایک عظیم الشان ”یکجہتی فلسطین مارچ” سے خطاب کرتے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر جاری وحشیانہ ظلم و جبر پر اقوام عالم بالخصوص امت مسلمہ کے نام نہاد حکمرانوں کی خاموشی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر بین الاقوامی ادارے منصفانہ طرز عمل کو پروان چڑھائیں، اب وقت ہے کہ ناجائز قابضین و جابرین کی پشت پناہی کو چھوڑ کر حقیقی حریت پسندوں کی آواز کو سنیں، اگر اب بھی مظلومین کی آواز کو سن کر داد رسی نہ کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
مولانا حامد الحق حقانی نے اپنی زیر قیادت ہزاروں افراد پر مشتمل عظیم الشان ”یکجہتی فلسطین مارچ ”ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ اقوام عالم مسئلہ فلسطین کے پرامن اور قابل قبول حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں، یہ نہ ہو کہ پانی سروں کے اوپر سے گزر کر کہیں بہت دیر نہ ہوجائے۔
مولانا حامد الحق نے اسلامی دنیا بالخصوص پاکستان ، سعودی عرب، قطر، ایران، ترکی اور دیگر مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ان کے ساتھ ہر قسم کا سیاسی ، اخلاقی، مالی اور جانی تعاون پیش کریں۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا سید یوسف شاہ نے کہا کہ امت مسلمہ کو باطل اور طاغوتی شیطانی قوتوں کے مقابلے میں متفق ومتحد ہونا پڑے گا۔
سید یوسف شاہ نے مزید کہا کہ امت مسلمہ اگر حقیقی اتحاد کرلے تو اس کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں توڑ سکے گی، اس وقت امت مسلمہ کا اولین ہدف قبلہ اول بیت المقدس شریف کی آزادی ، حرمین شریفین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا تحفظ مظلوم فلسطینی ،کشمیری ،برما ،شام اور ہندوستان کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔
مارچ سے جمعیت کے رہنما مولانا عرفان الحق حقانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس شریف پر دہائیوں سے قابض یہود ونصاری مسلمانوں کی غیرت ، تہذیب و تمدن کو مٹانا چاہتے ہیں جوکہ مسلمان کسی بھی صورت ہونے نہیں دیں گے۔
مارچ سے مولانا عبد القیوم حقانی، مولانا خزیمہ سمیع ، مولانا اسامہ سمیع ، مولانا لقمان الحق کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
جمعیت علماء اسلام کی اپیل پر ملک بھر میں ”یوم یکجہتی فلسطین” کی مناسبت سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور قبلہ اول کے تحفظ و آزادی کی آواز بلند کرنے کے لئے یوم القدس کے طو رپر منایا گیا۔

اجتماعات سے مولانا احمد یار خان، مولانا اقبال اللہ ،مولانا محمد عثمان سموں، حضرت ولی ہزاروی، مولانا عبدالواحد خان سواتی، حافظ ارمان چوہان، صوبہ پنجاب سے مرکزی نائب امیر مفتی حبیب الرحمن درخواستی، پیر عبدالقدوس نقشبندی، مولانا ایوب خان، مفتی اسعد درخواستی، صوبہ خیبرپختونخوا سے شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی، صوبائی سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالواحد،قاری فتح محمد، مولانا سبز علی خان، صوبہ بلوچستان سے مولانا نجم الدین درویش،مولانا عبدالحلیم ،عبدالقیوم میرزئی، مولانا طاہر شاہ اخونزادہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















