مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت محض فلسطین پر نہیں پوری انسانیت پر حملہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ بچوں عورتوں سمیت ہزاروں معصوم شہریوں کی شہادت انسانی ضمیر کیلئے بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، دنیا کو جان لینا چاہیے فلسطین کے مسئلے کے مستقل حل کے بغیر پائیدار امن ہمیشہ خطرے میں رہے گا۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان آج بھی ہمیشہ کی طرح فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، حکومتِ پاکستان کو چاہیے کہ ہر عالمی فورم پر فلسطینی کاز کے حق میں آواز اٹھائے نیز مصیبت زدہ فلسطینی عوام کو خوراک ادویات اور دیگر انسانی ضروریات کی فراہمی کیلئے فوری کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں جس میں فلسطینی شہدا کی تعداد دو ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہداء میں 583 بچے اور 267 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 6 ہزار سے زائد ہے۔
غزہ سے نقل مکانی کرنے والے تین قافلوں پر اسرائیلی طیاروں کے حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔
مغربی کنارے میں غزہ کے شہریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کیے گئے مظاہرے پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ غزہ پر بھی ٹینکوں سے چڑھائی کردی گئی۔
لبنان پر اسرائیلی حملے کے جواب میں لبنان سے حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوج کے 4 ٹھکانوں پر فائرنگ کی ۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غزہ میں 3 لاکھ 38 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ڈھائی ہزار سے زیادہ مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
غزہ میں 88 تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچا جن میں 18اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول شامل ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















