ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی طرف سے وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو ظلم ڈھانے سے کوئی روکنے والا نہیں، امت مسلمہ آج متحد نہیں دکھائی دیتی ہے، پاکستان کلمے کے نام پر آزاد ہوا تھا، کلمہ ایک واحد چیز تھی جس پر بر صغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا گیا، مسلمانوں نے یہ خطہ اس لیے حاصل کیا تاکہ یہاں کلمے کا نظام حاصل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے تمام چیلنجز سے خود کو علیحدہ نہیں کر سکتے، ہمارے سیاسی اختلافات ہیں لیکن فلسطین کے معاملے پر پوری امت مسلمہ کو متحد کریں گے۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں جس میں فلسطینی شہدا کی تعداد دو ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہداء میں 583 بچے اور 267 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 6 ہزار سے زائد ہے۔
غزہ سے نقل مکانی کرنے والے تین قافلوں پر اسرائیلی طیاروں کے حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔
مغربی کنارے میں غزہ کے شہریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کیے گئے مظاہرے پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ غزہ پر بھی ٹینکوں سے چڑھائی کردی گئی۔
لبنان پر اسرائیلی حملے کے جواب میں لبنان سے حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوج کے 4 ٹھکانوں پر فائرنگ کی ۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غزہ میں 3 لاکھ 38 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ڈھائی ہزار سے زیادہ مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
غزہ میں 88 تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچا جن میں 18اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول شامل ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















