سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کونسل کا فلسطین سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد نہ کروانا دکھ کی بات ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں میاں شہباز شریف نے کہا کہ 20 لاکھ فلسطینیوں کی زندگی خطرے میں ہے، سیکیورٹی کونسل کا رویہ افسوسناک ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطینوں کے خلاف کارروائیاں قابل شرم ہیں، بہت بڑا انسانی المیہ غزہ میں جنم لے رہا ہے، غزہ میں پانی کھانا اور ادویات کی شدید قلت ہے۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں جس میں فلسطینی شہدا کی تعداد دو ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہداء میں 583 بچے اور 267 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 6 ہزار سے زائد ہے۔
غزہ سے نقل مکانی کرنے والے تین قافلوں پر اسرائیلی طیاروں کے حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔
مغربی کنارے میں غزہ کے شہریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کیے گئے مظاہرے پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ غزہ پر بھی ٹینکوں سے چڑھائی کردی گئی۔
لبنان پر اسرائیلی حملے کے جواب میں لبنان سے حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوج کے 4 ٹھکانوں پر فائرنگ کی ۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غزہ میں 3 لاکھ 38 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ڈھائی ہزار سے زیادہ مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
غزہ میں 88 تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچا جن میں 18اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول شامل ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















