Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام انتخابات؛ کوتاہی برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

عام انتخابات میں کوتاہی برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات سے متعلق سندھ سیکرٹریٹ میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد کے لیئے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں، انتخابات کے عمل میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کے انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ انعقاد ہی بہتر جمہوریت کا ضامن ثابت ہوگا، الیکشن کمیشن ہر طرح سے عبوری صوبائی حکومت  کو مدد فراہم کرے گا، کسی قسم کی سیاسی لحاظ سے سرکاری ملازمین کی طرفداری برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر اس طرح کی کوئی شکایات ملیں تو فوری ایکشن  لیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مختصر  جائزہ پیش کیا، جس میں انتخابی فہرستوں کی اپڈیشن  اور ووٹر رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔

صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اب تک کئے گئے انتظامات پر اجلاس کو آگاہ کیا اور مزید جو اقدامات کرنے ہیں ان کا جائزہ پیش کیا۔

‎چیف الیکشن کمشنر نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے اسپیشل پلان مرتب کرنے کے احکامات بھی دیئے۔

 چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کا کہنا تھا کہ الیکشن کو صاف، شفاف، منصفانہ بنانے کے لیئے آرمی اور رینجرز کی مدد بھی لی جائے گی، چیف سیکریٹری نے تمام احکامات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔

 اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ سندھ میں 2 کروڑ 67 لاکھ 83 ہزار 254 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، سندھ میں قومی اسمبلی کے 61 اور صوبائی اسمبلی کے 130 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، صوبے میں 19 ہزار 236 پولنگ اسٹیشنز بنائی جائیں گی۔ صوبے میں 4 ہزار 430 انتہائی حساس اور 8 ہزار 80 حساس پولنگ اسٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں 100 فیصد ٹرانسفر پوسٹنگ پر عمل درآمد کر رہی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشنز پر تمام تر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں آئی جی سندھ رفعت مختار نے بتایا کہ سندھ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، عام انتخابات میں 1 لاکھ 10 ہزار 334 پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، کوئیک رسپانس فورس بھی کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں الرٹ ہوگی اور الیکشن کے پُرامن انعقاد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی، ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ، ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا جسٹس (ر )اکرام اللہ خان، سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان،چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم اور آئی جی سندھ رفعت مختار، سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمن ٰ،میمن، چیئرمین پلاننگ بورڈ، سیکریٹری خزانہ سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں