نگران وزیرِاطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی سینئر مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف شفقت محمود سے ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِاطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی سینئر مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف شفقت محمود سے ملاقات ہوئی جس میں قومی سطح پر ہم آہنگی اور مفاہمت کے فروغ کے امکانات، اہمیت اور ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملک میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد، سیاسی جماعتوں کیلئے انتخابات میں شرکت کے مساوی مواقع کے اہتمام اور وسیع قومی مفاہمت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں نگران حکومت کی دلچسپی اور اس حوالے سے نگران حکومت کے فرائض پر بھی خصوصی بات چیتکی گئی۔
اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما تحریک انصاف شفقت محمود نے کہا کہ انتخابات کی افادیت ان کے آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انعقاد کی مرہونِ منت ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کیلئے تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں ماحول اور مساوی مواقع کی فراہمی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو بلاشبہ برابری کی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کے مواقع نہیں مل رہے، تحریک انصاف کو آئین و قانون کی روشنی میں انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں جبکہ دیگر جماعتوں کو ملک بھر میں جلسے جلوسوں کی کھلی آزادی ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ نہایت ناہموار ماحول میں منعقد کروائے گئے خلافِ قاعدہ انتخابات عوامی سطح پر ساکھ اور قبولیت سے محروم رہیں گے، فیئر ٹرائل اور انصاف تک مکمل رسائی کو بھی آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے ہدف کے حصول میں بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
سینئر مرکزی رہنما تحریک انصاف شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ قومی سطح پر مفاہمت کے فروغ کا گہرا انحصار دستور کی بالادستی اور جمہوریت کے بقاء و تسلسل پر ہے اور یہ قومی مفاہمت تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں، پاکستان تحریک انصاف دستور کے سائے میں انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















