نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہسپتال پر حملہ کرنا ایک غیر انسانی فعل ہے جس کا دفاع نہیں کیا جا سکتا، عالمی قانون ہسپتالوں اور عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں تشدد کے خاتمے اور اسرائیلی بلا امتیاز کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری حرکت میں آئے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کا قتل عام بند کروائے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اسپتال پر بمباری کردی، جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں 70 فیصد بچے اور خواتین بھی شامل ہے، تاہم اسپتال میں بے گھر ہونے والے فلسطینوں نے پناہ لے رکھی تھی۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہداء کی تعداد 3500 سے بڑھ گئی جبکہ 12500 زائد زخمی ہیں۔
اس حوالے سے ترک رکن پارلیمنٹ علی شاہین نے کہا تھا کہ یہ رات انسانی تاریخ کی سب سے تاریک اور بدترین رات ہے، اس رات انسانیت کی تمام حدیں پار کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب صدر یورپی کونسل چارلس مشل کا کہنا تھا کہ اسپتال پر حملہ، شہری انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
بعدازاں غزہ کے اسپتال میں بمباری کے خلاف مکتلف ممالک میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، استنبول اور انقرہ میں مظاہرے کیے، اس موقع پر پولیس نے مرچوں کا اسپرے کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا۔
اردن کے دارالحکومت عمان میں بھی احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے اسرائیلی سفارت خانے کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، تیونس میں بھی سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا۔
مظاہرین نے فرانس اور امریکا کے سفیروں کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا، جبکہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















