اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کے دوران ڈیوٹی کرنے والے پولنگ اسٹاف کی مجوزہ فہرست تیار کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 10 لاکھ 7 ہزار 361 پریزائڈنگ، اسسٹنٹ پریزائڈنگ اور پولنگ افسران تعینات ہوں گے۔
پنجاب میں 54 ہزار 706 پریزائڈنگ اور 3 لاکھ 10 ہزار 968 اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران، ایک لاکھ 60 ہزار 445 پولنگ افسران جبکہ مجموعی انتخابی عملہ 5 لاکھ 26 ہزار 123 ہوگا۔
اس کے علاوہ سندھ میں 20 ہزار 315 پریزائڈنگ اور ایک لاکھ 62 ہزار 523اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران تعینات ہوں گے، جبکہ 26 ہزار 281پولنگ آفیسرز اور مجموعی عملے کی تعداد دو لاکھ 64ہزار ایک سو ہوگی۔
خیبرپختونخوا میں 16 ہزار 525پریزائڈنگ اور ایک لاکھ 85 اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران ڈیوٹی دیں گے، جبکہ 50 ہزار 45 پولنگ افسران اور مجموعی طور پر انتخابی عملے کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 656 ہوگی۔
بلوچستان میں پانچ ہزار 266 پریزائڈنگ، تیس ہزار 150 سسٹنٹ پریزائڈنگ افسر اور پندرہ ہزار 75پولنگ افسران تعینات ہوں گے جبکہ مجموعی طور پر 50 ہزار 491 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ کام کرے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتیں عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ کر چکی ہیں۔
بعدازاں ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم اس حوالے سے 21 ستمبر 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرادیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی۔ حتمی فہرستوں کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔
دوسری جانب 12 اکتوبر 2023 کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے کوئی ممکنات نظر نہیں آرہے، اس میں کوئی ابہام نہیں، انتخابات کا اپنے وقت پر اعلان اور انعقاد ہوگا، انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی میں حتمی فیصلے نگران حکومت کرتی ہے، نگران حکومت کا کام شفاف انتخابات کیلئے معاونت فراہم کرنا ہے، آزادانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنائیں گے۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔ نواز شریف سمیت کوئی بھی سیاسی لیڈر اگر ہمارے فرائض منصبی کے حوالے سے ملاقات کی خواہش کرے گا تو اس سے ضرور ملاقات کریں گے۔
17 اکتوبر 2023 کو نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھاکہ نگران حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے پرعزم ہے، نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع فراہم کرے۔ الیکشن کمیشن آزاد اور خودمختار ادارہ ہے، ہم خوشگوار اور پرامن ماحول میں انتخابات کا انعقاد ممکن بنانا چاہتے ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















